ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / یلاپور میں مرکزی حکومت کے زرعی بل کی مخالفت میں تنہا کسان کی  ایک روزہ بھوک ہڑتال

یلاپور میں مرکزی حکومت کے زرعی بل کی مخالفت میں تنہا کسان کی  ایک روزہ بھوک ہڑتال

Wed, 09 Dec 2020 19:04:10    S.O. News Service

یلاپور:9؍دسمبر (ایس اؤ نیوز)ملک بھر میں مختلف کسانوں کی  تنظیموں کی جانب سے مرکزی حکومت کی کسان پالیسی کی مخالفت کرتے ہوئے بند منایاگیا یا احتجاجی مظاہرے کئے گئے،  لیکن یلاپور میں کسی  کسان سنگھا کی طرف سے کوئی بند نہیں منایاگیا اور نہ ہی احتجاجی مظاہرہ ہوا،  مگر گجانن بھٹ نامی کسان نے تنہا تحصیلدار دفتر کے سامنے پہنچ کر  ایک دن کی بھوک ہڑتال کرتے ہوئے اپنی ناراضگی ظاہر کی۔

مختلف کسان تنظیموں  کے اعلان کردہ بند کی  کانگریس نے بھی حمایت کی تھی،  یلاپور کانگریس لیڈران کو واقعے کی جانکاری ملتے ہی  کانگریس کارکنان نے گجانن بھٹ کی طرف سے اہتمام کردہ ایک روزہ بھوک ہڑتال احتجاج میں شریک ہوکر مرکزی حکومت کے خلاف نعرے بازی کرتےہوئے کسان کی حمایت کی۔ اس موقع پر بلاک کانگریس صدر ڈی این گاؤنکر نے کہاکہ کورونا جیسی خطرناک بیماری کے دوران  کسی بھی کسان سنگھا سے رابطہ کئے بغیر آرڈیننس (اختیاری فرمان ) کے ذریعے منظور کردہ زرعی بل سے مرکزی حکومت کی سازش کا پردہ فاش ہوگیا ہے، ملک بھر کے کسان اس بل کی  حقیقت سے آگاہ ہوچکے ہیں۔مرکزی حکومت  آڈانی ، امبانی کی محبت میں کارپوریٹ زراعت کو قائم کرنا چاہتی ہے، اس بل کی وجہ سے غریب کسانوں کو  ملٹی نیشنل کمپنیوں کے رہین بنا نے کی سازش رچی گئی ہے۔ ملک بھر کے کسان متعلقہ زرعی بل کی مخالفت کرتےہوئے سخت مذمت کررہے ہیں ، ایسے میں  یلاپور تعلقہ کے رعیت سنگھا بی جےپی کی حمایت کرتےہوئے خاموش رہنا افسوس ناک ہے۔ کسان کسی بھی پارٹی میں رہیں وہ ان کا انفرادی معاملہ ہے، مگر جس زراعت پر ان کی زندگی کا انحصار ہے ، پوری زندگی اسی پر منحصر ہے ، اس تعلق سے کوئی مسئلہ پیدا ہوتاہے تو اس کے خلاف متحدہ احتجاج کرنا ایک حقیقی کسان کا ایمان ہونا چاہئے۔ اس معاملےمیں یلاپور کے ایک حقیقی کسان ہونےکے ناطے زرعی بل سے ہونے والے نقصانات کے خلاف گجانن بھٹ نے احتجاج کیا ہے وہ دیگر رعیت سنگھا کے لئے مثالی ہونےکی بات کہی۔

اس موقع پر کانگریس لیڈران این کے بھٹ، کسان سنگھ کے صدر انپا نائک وغیرہ نے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ لارینس سدی ، نرمدا نائک، قیصر ، روی نائک، گوپال بھٹ، سرسوتی گنگا، اکبر علی ، باباجان شیخ، گنپتی دیسائی ، جی وی بھٹ، راگھو نائک وغیرہ موجود تھے۔


Share: